میں حیرت سے آنکھ
جھپکے بغیرعدالت میں موجود اس اونٹ سے
بڑے شخص کو دیکھ رہا تھا اور سوچ رہا تھا
کہ اس ادارے کی عظمت کو اکیس توپوں کی سلامی یہ اتنے بڑے لوگ تلاش کیسے کرلیتا ہے جبکہ وہ اونٹ سے بڑا ساب کورٹ کی فائل کے صفحات یوں الٹ پلٹ رہا تھا جیسے پہلے دن کوئی جونئیر وکیل
کسی مقدمے کی فائل اٹھاتا ہے تو اس کو سمجھ نہیں آتی کہ وہ اس کو کیسے سمجھے کیسے
اس کیس کا مطالعہ کرے
واقعہ یہ تھا کہ اس کی غفلت سے تین بے قصور اور بے گناہ لوگ جن میں ایک بوڑھی اور بیمار عورت بھی شامل تھی ایک کیس میں بری طرح فٹ کردیئے گئے تھے اور وہ جس
کا فکری
اور ذہنی قد کاٹھ اونٹ سے بھی کافی بڑا تھا یوں بے نیاز بیٹھا تھا جیسے کچھ
ہوا ہی نہیں
میرا دعوٰی ایک دلیل کے ساتھ ہمیشہ سے یہی رہا ہے کہ صوبہ
سندھ کی عدالتوں کے مجسٹریٹ سطح کی عدلیہ کی اکثریت پولیس کی ذہنی غلام اور ذہنی ماتحت
ہے عدلیہ کی انتظامیہ سے علیحدگی کا تاحال سب سے بڑا نقصان یہ ہوا ہے کہ پہلے
پولیس والے اپنے ایک افسر کے سامنے پیش ہوتے تھے اور اب وہ اپنے ایک ذہنی غلام اور
ذہنی ماتحت کے سامنے پیش ہوتے ہیں اس کی وجہ صرف اور صرف نااہلوں کی وہ فوج ہے جو
جمع کرلی گئی ہے یہ بے چارے نہیں جانتے کہ تفتیش کیا ہوتی ہے اور تفتیش کے دوران
مجسٹریٹ کی ذمہ داری کیا ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد جب پولیس چالان لیکر آتی
ہے تو اس چالان پر اپنی رائے کس طرح قائم کرنی ہے نہ تو ان کو ادارے نے کوئی تربیت
دی ہے نہ وہ تربیت دینے کی کوکوئی ضرورت محسوس کرتے ہیں میں
پورے کراچی میں صرف دو مجسٹریٹ صاحبان کو جانتا ہوں جو کہ انتظامی حکم جاری کرنے
سے پہلے پولیس فائل سکون سے پڑھتے ہیں مطالعہ کرتے ہیں اور ایک تفصیلی حکم
نامہ جاری کرتے ہیں اور اکثر اوقات وہ
پولیس کی رائے سے اتفاق نہیں کرتے جس کے
نتیجے میں پولیس کے فراڈ اور دھوکے سامنے
آتے رہتے ہیں کیونکہ وہ نہ تو پولیس کے ذہنی غلام ہیں اور نہ ماتحت اسی پریکٹس کے تحت انہوں نے سینکڑوں بے گناہوں
کو پولیس کی حراست سے نکلوایا اسی پریکٹس ہی کے تحت کتنے ہی ملزمان کی ہتھکڑی کورٹ
میں ہی کھلوادی گئی کہ کیس بنتا ہی نہیں
اصولی طور پر تمام عدالتی افسران کو یہ کام کرنا ہے ہوسکتا ہے کچھ اور لوگ
بھی یہ نیک کام کرتے ہوں میرا واسطہ ان سے نہیں پڑا
تفتیش کے بعد مجسٹریٹ
انتظامی حکم کے زریعےکیس کی گرفت کرتا ہے اس پر آرڈر پاس کرتا ہے اس
انتظامی آرڈر کی اہمیت کا اندازہ آج تک ان
نااہلوں کو ہو ہی نہیں سکا کہ یہ ہوتا کیا ہے
سپریم کورٹ اور ہایئکورٹ نے لاکھوں
صفحات ضائع کردیئے اس راز کو تلاش کرنے کیلئے کہ پولیس کی تفتیش مکمل
ہوجانے کے بعد پولیس کا ادنٰی سا خادم اور ذہنی غلام اس پر جو حکم نامہ جاری کرتا
ہے وہ ایک انتظامی نوعیت کا آرڈر ہے یا جوڈیشل آرڈر
قانون دانوں اور ججز کے ایک بہت بڑے گروہ کا یہ کہنا ہے کہ
پولیس کی تفتیش پر مجسٹریٹ جو حکم جاری کرتا ہے اس کی نوعیت جوڈیشل ہے جبکہ قانون دانوں اور وکلاء کی اکثریت اس پر اب متفق
ہوچکی ہے یہ انتظامی نوعیت کا حکم ہے اور اس حکم کے خلاف اپیل بھی ہایئکورٹ میں
ہوگی وہ بھی ایک آئینی پٹیشن کے زریعے لیکن تصویر کا دوسرا رخ یہ ہے کہ کیا ان کو
وہ اہم ترین انتظامی آرڈر لکھنے آتا ہے اگر سپریم کورٹ اتنی بات سوچ لیتی تو وہ اس
فضول بحث میں الجھنے کی بجائے اپنے عدالتی افسران کی تربیت کا انتظام ہی کرلیتی
اب ملاحظہ فرمائیں وہ واقعہ جس کے تحت عدالت میں
تعینات پوسٹ گریجویٹ اونٹ سے بڑے ساب کو
میٹرک پاس پولیس والا کیسے ایک جج
کو ماموں بناکر چلا گیا
واقعہ کچھ یہ تھا کہ ایک گھر کے اندر ہونے والے واقعہ کی
ایف آئی آر درج کروائی گئی ایک شخص نے ایف
آئی آر درج کروائی کہ اس کی بیوی اور
بیٹوں نے اس کو پاگل خانے میں پاگل قرار دے کر داخل کروادیا تھا جس کے بعد اس کے
رشتے داروں نے اس کو وہاں سے نکلوایا جس کے بعد جب وہ اپنے گھر آیا تو اس کے بیوی
بچوں نے اس پر تشدد کیا اور پستول دکھا کر
جان سے مارنے کی کوشش کی جس کے بعد اس نے اپنی اسی گھر کی گراؤنڈ فلور پر رہایئش
پذیر اپنی بیٹی "ج" کے گھر پناہ
لی تفتیش کے بعد اصل واقعہ یہ سامنے آیا کہ وہ شخص واقعی پاگل ہے
اس کو نفسیاتی ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا علاج معالجے کیلئے اسی دوران
اس کے رشتے دار اس کو وہاں سے زبردستی نکلوا کرلے گئے ڈاکٹر نے گواہی دی کہ یہ شخص
خطرناک نفسیاتی مریض ہے اس کے علاوہ وہ اپنی جس بیٹی کے ساتھ گراؤنڈ فلور پر رہتا
ہے اور اس نے اپنے بیان کے مطابق اس کے گھر پناہ لی تھی اس نے بھی واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا جس کے بعد اس کیس کو شواہد کے مطابق"اے کلاس" میں ختم
کردیا گیا
دوبارہ تفتیش ہوئی پولیس نے رشوت مانگی ملزمان نے نہیں دی
جس کے بعد پولیس افسر نے چالان پیش کردیا اور دوشناختی کارڈز کو گواہ بنایا ایک
شناختی کارڈ نیو کراچی کا دوسرا شناختی کارڈ سیفل گوٹھ کا ہے جن کا دعوٰی تھا کہ وہ اس واقعے کے گواہ ہیں سوال یہ ہے کہ وہ پہلے کیوں نہیں پیش ہوئے جب
کہ ایک گلشن اقبال میں ہونے والے گھریلو جھگڑے کی گواہی نیوکراچی یا صفورا گھوٹھ
کا رہایئشی کیسے دے سکتا ہے واقعہ کے گواہ اڑوس پڑوس کے لوگ ہوسکتے ہیں جبکہ حیرت
ہے کہ وہ گواہ بننے کیلئے گھر کے اندر
داخل ہوکر فرسٹ فلور پر بھی چڑھ گئے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ دو گواہ گھر کے فرسٹ فلور پر کیا کررہے تھے
حقیقت یہ ہے کہ تفتیشی افسر نے دوشناختی کارڈز کی فوٹو
کاپیاں پیدا کرکے دو چشم دید جعلی گواہ
بنائے لیکن یہ وضاحت نہ کی کہ وہ ایف آئی آر درج ہونے کے آٹھ مہینے تک کہاں رہے
شاید اس کو یہ بھی نہیں پتہ کہ شناختی کارڈ
کی فوٹو کاپی کو گواہ کیسے بنایا جاتا ہے
لیکن سب سے بڑا دھوکہ یہ دیا گیا کہ جس ڈاکٹر کی گواہی کی
بنیاد پر کیس ختم کیا گیا تھا اس کو اس کیس کا مرکزی گواہ بنا لیا گیا حالانکہ اس
نے اپنی گواہی تبدیل نہیں کیس کی فائل میں اس کا بیان موجود ہے کہ مدعی
مقدمہ پاگل ہے لیکن یہ فائل پڑھنے کی زحمت
کون کرے گالیکن ایک مجسٹریٹ کو کیا پتہ کہ
پراسکیوشن کا گواہ کیا ہوتا ہے ایک مجسٹریٹ کو کیا پتہ کہ ایف آئی آر کیا ہوتی ہے
ایک مجسٹریٹ کو کیا پتہ کہ پولیس نے اہم
ترین گواہ کو گواہ کیوں نہیں بنایا
پولیس نے چالان اپنے ذہنی غلام اور ذہنی ماتحت کے سامنے پیش
کیا جس پر سندھ ہایئکورٹ کے مقرر کردہ مجسٹریٹ نے صرف ایک انگریزی زبان کا لفظ
لکھا "رجسٹرڈ" اور پولیس کی تفتیش سے مکمل اتفاق کرلیا سوال یہ تھا جو کہ اب ہمارا
مطالبہ بھی بن چکا ہے کہ اگر انگریزی زبان کا ایک لفظ لکھنا ہی انتظامی حکم ہے تو
اس کیلئے کسی پوسٹ گریجویٹ کی خدمات لینے کی ضرورت کیا ہے کورٹ کا ایک چپراسی مقرر
کردیا جائے کافی ہے کیونکہ یہاں چپراسی بھی میٹرک پاس ہے وہ بھی انگریزی زبان کا ایک لفظ لکھ سکتا ہے
میں نے جب اس ساب کی توجہ اس جانب دلائی تو اونٹ سے بڑے
اس ساب نے کورٹ کی فائل کے صفحات کے صفحے
یوں الٹنے پلٹنے شروع کردیئے جیسے کہ اداکارہ میرا کا نکاح نامہ غلطی سے فائل میں
آگیا ہو "ادھر ادھر "کی باتوں
کے بعد میں نے پوچھا کہ آپ نے پڑھے بغیر ہی سوچے سمجھے بغیر ہی اتنا
اہم ترین انتظامی حکم نامہ دستخط کردیا ہے اور پولیس والا اونٹ سے بڑے ساب کو "ماموں "بناکر چلا گیا
اب ہوگا کیا کیس چلے گا گواہ نہیں ملیں گے ڈاکٹر آئے گا
گواہی دے گا جس کے بعد کیس ختم
آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ ہماری سپریم کورٹ کے جسٹس صاحبان
"ناناپاٹیکر" کی طرح ڈایئلاگ مارنے کے شوقین ہیں وہ اپنا تاریخی ڈائیلاگ
مارتے ہیں کہ پولیس کی غلط تفتیش کے نتیجے میں ملزمان بری ہوجاتے ہیں اور ہمارے اخبارات اس کی شہہ سرخیاں لگاتے ہیں
جیسے کسی چرسی بابے نے کوئی راز کی بات بتادی ہو یا کوئی سٹے کا نمبر بتادیا ہو
حقیقت یہ ہے ہماری سپریم کورٹ اور ہایئکورٹ کے جسٹس صاحبان حقیقت سے نظریں چرا کرجھوٹ بولتے ہیں اور عوام کو دھوکہ دیتے ہیں وہ اپنے ادارے میں
موجود اونٹ سے بڑے دانشوروں کی نااہلی کا
اعتراف کرنا نہیں چاہتے جن کی نااہلی کی وجہ سے پولیس چالان منظور کروالیتی ہے جس
کی وجہ سے پولیس بے گناہوں کو جھوٹے کیس
میں پھنسالیتی ہے پولیس ایک عام شہری پر جو بھی تشدد کرتی ہے اس کی ذمہ دار وہ
عدلیہ جس کے متعلق دعوٰی کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں ایک آزاد عدلیہ موجود ہے جی
ہاں عدلیہ مکمل آزاد ہے لیکن یہ آزادی
عدلیہ نے پولیس کو دے رکھی ہے کہ جس کو چاہے جس کیس میں چاہے اٹھا کر فٹ کردے
سپریم کورٹ اور ہایئکورٹ کی اوقات کا اندازہ اس بات سے
لگایا جاسکتا ہے کہ وہ گزشتہ ستاسٹھ سال
سے حکم نامے جاری کررہی ہے کہ انتظامی حکم اسپیکنگ ہونا چاہیئے اور جانچ پڑتال کے
بعد جاری کرنا چاہیئے جبکہ آج تک وہ اپنی ماتحت عدلیہ سے یہ بات نہیں منوا سکے کہ
وہ انتظامی حکم اسپیکنگ نوعیت کا لکھیں کہ وہ کونسی وجوہات ہیں جن کی بنیاد پر وہ
پولیس کی تفتیش سے اتفاق کرکے کیس کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہیں آج بھی اکیسویں صدی کے اس دور میں ہم اونٹ سے بڑے سابوں سے انصاف کی توقع رکھتے ہیں جو کہ انگریزی زبان کے ایک لفظ کے زریعے کسی کے بھی مستقبل سے کھیل سکتے ہیں ہم
ہایئکورٹ سے اب کبھی بھی یہ نہیں کہیں گے کہ وہ اس سلسلے کو روکیں کیوں روکا جائے
اس ملک کے غریب آدمی کو اوقات میں رکھنے
کیلئے ضروری ہے کہ اس پر پولیس مسلط کی جائے اس کو پولیس کے زریعے ذلیل کیا جائے
شاید عدلیہ کی خواہش ہے کہ پولیس غریب
لوگوں کو جھوٹے کیسز میں پھنسائے یہی وجہ ہے کہ صرف انگلش زبان کا ایک لفظ لکھ کر
ہمارے عدالتی افسران پولیس کے فراڈ کو پولیس کے دھوکے کو تحفظ فراہم کرتے ہیں ہم ہایئکورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا مشن جاری و ساری رکھے لیکن خدا کے
واسطے انتظامی حکم کا عدالتی اختیار اونٹ
سے بڑے ان سابوں سے لیکرکورٹ کے چپراسیوں کو دے دیا جائے کورٹ کے پٹے والوں کو دے
دیا جائے وہ بھی میٹرک پاس ہیں انگلش کا ایک لفظ لکھ ہی لیں گے
اسی طرح ہم چیف جسٹس سندھ ہایئکورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ
وہ سندھ جوڈیشل اکیڈمی کو فوری طور ختم کرنے کا اعلان کرکے وہاں کوئی ڈھنگ کا شاپنگ سینٹر بنادیں یا وہاں کوئی
بریانی کی دکان کھول دی جائے یہ
ججز کی تربیت کا ڈھکوسلہ ختم کیا جائےلعنت ہے اس
جوڈیشل اکیڈیمی پر جو ججز کو ایک
انتظامی حکم نامہ لکھنا نہ سکھا سکے
وہ وقت دور نہیں جب لوگ عدلیہ کے خلاف تشدد کا راستہ اختیار
کرنے پر مجبور ہوجائیں گے